مدینہ منورہ (11 اگست 2026): مسجد نبوی ﷺ جانے والے زائرین کے لیے خوشخبری ہے کہ ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی دیکھ بھال کے لیے جنرل اتھارٹی مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے زائرین کی سہولت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے خدمات کو بڑھا رہی ہے۔زائرین کے لیے جو خدمات بڑھائی جا رہی ہیں، ان میں معمر اور معذور افراد کے لیے موزوں سہولتیں، جامع رہنمائی مراکز، مختلف زبانوں میں ترجمے کی سہولت، اور عبادت کے دوران خاندانوں کی سپورٹ کے لیے چلڈرنز نرسری شامل ہیں۔یہ اقدامات مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھانے کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں، جس سے زائرین کے تجربے کو مزید خوشگوار بنانے اور وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملتی ہے۔واضح رہے مسجد نبوی ﷺ میں حال ہی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کے لیے اسمارٹ انجینیئرنگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے مسجد نبوی ﷺ میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور کارکردگی کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے۔اسمارٹ سینٹر کا مقصد جدید اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے زائرین کو خدمات کے حوالے سے منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے۔