عجیب وغریب بیماری، لڑکا 5 سال سے مستقل تالاب میں رہنے پر مجبور

Wait 5 sec.

(11 اگست 2026): لاعلاج بیماری کا شکار 16 سالہ لڑکا 5 سال سے مستقل تالاب میں رہنے پر مجبور 24 گھنٹے میں پانی رہنے سے جسم کی جلد گلنے لگی۔بعض اوقات انسان ایسی بیماری میں مبتلا ہوتا ہے، جس سے نجات کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک بیماری کا شکار 16 سالہ لڑکا اقبال بنا ہے، جو بیماری کی اذیت سے بچنے کے لیے 5 سال سے مسلسل دن اور رات پانی میں گزارنے پر مجبور ہے۔عجیب وغریب بیماری کا شکار اقبال مرشد آباد کے علاقے کا رہائشی ہے، جو پانچ سال سے اپنا گھر چھوڑ کر مستقل پانی کے تالاب میں رہ رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اقبال ایسی موذی بیماری کا شکار ہے، جس کا علاج اب تک نہیں ملا ہے۔ اس بیماری سے اس کے جسم میں شدید جلن ہوتی ہے اور جب بھی وہ پانی سے باہر آنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ جلن اس کو دوبارہ تالاب میں واپس جانے پر مجبور کر دیتی ہے۔اس اذیت ناک بیماری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لڑکے کا کہنا ہے وہ جیسے ہی پانی سے باہر آئے گا مر جائے گا، اس لیے وہ پانی میں رہتا ہے۔دن اور رات مستقل پانی میں رہنے کی وجہ سے اس کے جسم کی کھال سفید پڑ کر گلنے لگی ہے۔ جب کہ وہ کھانسی اور سردی لگنے کی تکلیف بھی برداشت کر رہا ہے۔اہلخانہ کے مطابق سرکاری اسپتال میں علاج کرایا، مگر کوئی افاقہ نہیں ہوا جب کہ ان کے مالی حالات ایسے نہیں کہ پرائیویٹ اسپتال میں علاج کرا سکیں۔ انہوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے جب کہ اہل علاقہ بھی لڑکے کے علاج کے لیے چندہ مہم شروع کر چکے ہیں۔