فلوریڈا : امریکا کے ایک دریا میں تیراکی کے دوران مگرمچھ کے خوفناک حملے میں تیراک خاتون شدید زخمی ہوگئی جس کا دایاں بازو کاٹنا پڑا۔یہ واقعہ مارین کاؤنٹی کے سلور ریور میں پیش آیا، جہاں تیراکی کرنے والے افراد کے ایک گروپ کا سامنا مگرمچھ سے ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق خاتون نے اپنی جان بچانے کے لیے پیڈل بورڈ کے پیڈل سے مگرمچھ کو دور کرنے کی کوشش کی، تاہم جانور نے اچانک حملہ کرکے انہیں پانی کے اندر کھینچ لیا۔قریب موجود کشتی سوار افراد نے خاتون کی چیخیں سن لیں اور مدد کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جس کے بعد مگرمچھ نے اسے چھوڑ دیا۔خاتون کا خون زیادہ بہنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر ایک رسی کی مدد سے ٹورنیکیٹ باندھا اور خاتون کو قریبی بوٹ ریمپ تک پہنچایا گیا۔طبی امدادی ٹیم نے کشتی سے خاتون کو اپنی تحویل میں لے کر مقامی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ہنگامی طبی کارروائی کے ذریعے ان کی حالت مستحکم کی۔ خاتون کو بعد ازاں گھر منتقل کردیا گیا جہاں اب ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔واقعے کے بعد حکام نے عارضی طور پر سلور ریور میں آمدورفت اور تیراکی بند کردی، جبکہ فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کے اہلکاروں نے حملہ آور مگرمچھ کی تلاش شروع کردی۔بعد ازاں 9 اگست کو متعلقہ حکام نے تقریباً 9 فٹ 8 انچ لمبے نر مگرمچھ کو پکڑ کر علاقے سے دور کردیا، جس کے بعد دریا کو دوبارہ کشتیوں اور تیراکوں کے لیے کھول دیا گیا۔حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ فلوریڈا کی تمام 67 کاؤنٹیز میں مگرمچھ مختلف آبی مقامات پر پائے جاتے ہیں۔ وہاں جانے کیلیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات لازمی کیے جائیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مگرمچھوں والے علاقوں میں صرف مقررہ مقامات پر اور دن کی روشنی میں تیراکی کی جائے، پالتو جانوروں کو پانی کے کنارے سے دور رکھا جائے اور جنگلی مگرمچھوں کو ہرگز خوراک نہ دی جائے۔حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی مگرمچھ سے فوری خطرہ لاحق ہو تو متعلقہ وائلڈ لائف حکام کو اطلاع دی جائے۔مگرمچھ کے جبڑے میں پھنسا بچہ کیسے زندہ بچا؟ دل دہلا دینے والا واقعہ