میڈرڈ (08 اگست 2026): اسپین نے اٹلی سے آنے والے مسافروں پر بارڈر چیک نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔روئٹرز کے مطابق اس بارڈر چیک کا اٹلی سے آنے والے تمام مسافروں، پروازوں، بحری جہازوں پر اطلاق ہوگا، اسپین کی حکومت نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ غیر قانونی مائیگریشن کے معاملے پر ہمسایہ ملک اٹلی کے ساتھ جاری تنازع کے دوران ہفتے کی نصف شب سے 7 ستمبر تک اٹلی سے آنے والی پروازوں اور بحری جہازوں کے مسافروں کے لیے سرحدی جانچ شروع کر رہی ہے۔اٹلی سے آنے والے اطالوی مسافروں اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں اور مہمانوں کے پاسپورٹ، قومیت اور ویزوں کی جانچ کی جائے گی، کیوں کہ اسپین کے مطابق اسے اٹلی کی جانب سے ’’مسلسل غیر قانونی مائیگریشن کے دباؤ‘‘ کا سامنا ہے۔اسپین نے کہا کہ یہ اقدامات اس وقت تک نافذ رہیں گے جب تک اٹلی بھی اپنے اقدامات جاری رکھے گا۔ اٹلی نے کہا ہے کہ اس کے اقدامات 30 جولائی کو اسپین کے افریقی علاقے سیوتا میں 72,000 افراد کی بڑے پیمانے پر مائیگریشن کے ہجوم کے باعث کیے گئے ہیں۔غیر قانونی مہاجرین، اٹلی کا اسپین سے متعلق بڑا فیصلہجمعے کے اوائل میں اٹلی نے کہا تھا کہ وہ اسپین کی جانب سے دیے گئے ’’الٹی میٹم یا مسلط کردہ احکامات‘‘ کے آگے نہیں جھکے گا اور کم از کم 15 اگست تک اسپین سے آنے والے مسافروں پر سرحدی جانچ جاری رکھے گا۔اسپین نے جمعے کے اوائل میں دھمکی دی تھی کہ اگر روم نے اتوار تک وہ سرحدی جانچ ختم نہ کی جو اس نے گزشتہ ہفتے عائد کی تھی، تو وہ اٹلی سے آنے والے مسافروں کے خلاف جوابی اقدامات کرے گا۔ اٹلی نے مراکش سے اسپین کے علاقے سیوتا میں مہاجرین کی بڑی تعداد میں آمد کے بعد یہ اقدامات کیے تھے۔اطالوی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر صرف اس وقت نظرِ ثانی کرے گی جب اسے یقین ہو جائے گا کہ سیکیورٹی یا دہشت گردی کے کوئی خطرات موجود نہیں، ہجرت کی کوئی نئی لہر نہیں آ رہی اور کوئی غیر قانونی تارکِ وطن یورپی علاقے کی جانب نہیں بڑھ رہا۔یاد رہے کہ تیس جولائی کو اسپین کے شمالی افریقی علاقے سیوٹا میں مراکش سے 72 ہزار تارکین وطن داخل ہوئے تھے، اور اٹلی نے سیوٹا بحران کے بعد شینگن معاہدہ عارضی طور پر معطل کر دیا تھا، جس پر اسپین کی حکومت نے اٹلی کو اتوار تک بارڈر چیک ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا، تاہم اٹلی کے انکار پر اسپین نے جوابی سرحدی اقدامات نافذ کر دیے۔اس معاملے پر دونوں یورپی ملکوں کے درمیان شدید سفارتی تنازع پیدا ہو گیا ہے، اسپین کے حکام کے مطابق زیادہ تر تارکین وطن رضا کارانہ طور پر مراکش واپس جا چکے ہیں، جب کہ سیوٹا میں 1400 کے قریب بے سہارا بچے موجود ہیں، جب کہ سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔