ٹوکیو(29 جولائی 2026): جاپان میں 7.1 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 13 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔زلزلے کے طاقتور جھٹکوں سے درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی ٹرینیں پٹری سے اتر گئی ہیں۔صوبہ کوماموٹو میں آنے والے اس تباہ کن زلزلے کے بعد "ایون کوماموٹو” نامی شاپنگ مال میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دوسری منزل اور چھت گرنے سے عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔زلزلے کے باعث بلٹ ٹرین سروس معطل، کوماموٹو ایئرپورٹ کا رن وے بند اور ٹیلی مواصلات کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ٹوکیو ایئرپورٹ پر بھی درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔زلزلے کے بعد سے اب تک 61 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا رہے ہیں جبکہ حکام نے مزید جھٹکوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔جاپانی وزیراعظم ثناء تاکایچی نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور ملک کے سات صوبوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق سونامی کی ابتدائی وارننگ واپس لے لی گئی ہے، تاہم اگلے ایک ہفتے تک مزید شدید آفٹر شاکس کا خطرہ برقرار رہے گا۔