دبئی : یو اے ای میں بنگلہ دیشی شہریوں کے ویزوں کی منسوخی پر سفارتخانے نے کہا ہے کہ ویزوں کی منسوخی کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی انتظامی وجہ موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بعض بنگلہ دیشی شہریوں کے ریزیڈنس ویزے منسوخ ہونے سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر بنگلہ دیشی سفارتخانے نے وضاحت جاری کر دی۔بنگلہ دیشی سفارتخانے نے کہا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔سفارتخانے کا کہنا ہے کہ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ویزوں کی منسوخی کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی انتظامی وجہ موجود ہے۔اس سلسلے میں یو اے ای کے متعلقہ اداروں سے سفارتی سطح پر رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ درست معلومات حاصل کی جا سکیں۔سفارتخانے نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات شہریوں میں غیر ضروری تشویش پیدا کر سکتی ہیں، اس لیے بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشی شہری صرف سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔وضاحت میں مزید کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے قوانین اور امیگریشن ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔سفارتخانے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔