غزہ میں اسرائیلی حملے میں دو فلسطینی شہید، ادویات کے گودام تباہ

Wait 5 sec.

غزہ میں صیہونی فورسز کے فضائی حملے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ادویات کے گودام کو بھی تباہ کردیا گیا۔فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق وسطی غزہ سٹی کے علاقے شیخ رضوان میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو فلسطینی شہید ہوئے جبکہ دو گودام کو بھی تباہ کردیا گیا ہے جو جنوبی غزہ میں الاقصیٰ شہدا اسپتال کے ادویات ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اسپتال کے قریب حماس کے ٹھکانے پر حملہ کیا جسے وہ اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج اور قابضین کے حملے جاری ہیں، فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق المغیر گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں نے فائرنگ کر کے 10 سالہ فلسطینی بچے کو زخمی کر دیا، جبکہ نابلس کے قریب متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔یہ پڑھیں: غزہ امن معاہدہ: پہلے ہتھیار کون ڈالے گا حماس یا اسرائیل؟ اہم خبرفلسطینی وزارت صحت کےمطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 9 فلسطینی شہید اور 76 افرادزخمی ہوئے،5 اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کےبعد سےاب تک اسرائیلی حملوں میں 1,122 فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سےجاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 73 ہزار 349 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 74 ہزار 162 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔