تہران(31 جولائی 2026): ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا کو اپنے مظالم کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، کیونکہ اسے بے گناہوں کا خون بہا کر بدلہ لینے کی عادت پڑ چکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا روزانہ کسی نہ کسی نئے جرم کا ارتکاب کرکے اپنے ہاتھ مزید خون سے آلودہ کر رہا ہے۔ جزیرہ قشم میں شہریوں کے رہائشی مکانات پر حملہ امریکی مظالم کا تسلسل ہے۔ایرانی اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ میناب اور لامرد میں کیے گئے حملے بھی اسی بربریت کی کڑی ہیں۔ امریکا کو میدانِ جنگ میں ملنے والی ناکامیوں کا غصہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر نکالنے کی عادت ہے۔اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قشم جزیرے پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں میاں بیوی اور ان کا 2 سالہ بچہ شہید ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر دھماکے، ہر جرم، ہر پابندی، ہر دھمکی اور ہر بچے کے قتل کے ساتھ آپ ایرانی عوام کو اپنے وطن کے دفاع کیلئے مزید پرعزم اور متحد بنا دیتے ہیں۔