تہران(31 جولائی 2026): ایرانی فوج نے جزیرہ قشم پر حملے کا جواب دیتے ہوئے کویت میں موجود امریکی فوجی اہداف کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی فوج نے ’آپریشن صاعقہ‘ کے ستائیسویں مرحلے کے تحت چند گھنٹے قبل کویت میں واقع احمد الجابر ایئر بیس پر حملہ کیا۔ اس کارروائی کے دوران امریکی فوج کے جنگی طیاروں، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام اور گودام کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔تاہم، ان ڈرون حملوں کی نوعیت اور ان کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصانات کے حوالے سے تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ حملہ جزیرہ قشم میں ایک رہائشی مکان پر امریکی حملے کے ردعمل میں کیا گیا۔ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں واقع احمد الجابر فضائی اڈہ خطے میں امریکی فضائی نگرانی اور عسکری آپریشنز کے لیے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔یاد رہے کہ ایران کے جنوبی علاقوں پر امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کا 2 سالہ بچہ شہید ہو گیا، امریکا نے جزیرے قشم میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد بچے زخمی ہو گئے جبکہ ایک بچے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق امریکی میزائل حملے کے بعد جزیرے میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہونے کے بعد بحال ہو گئی۔