تہران(یکم اگست 2026): ایرانی پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ میں فتح حاصل کر چکا ہے اور اب اس فتح کو مضبوط اور دستاویزی شکل دینے کی ضرورت ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہمیں روشن مستقبل کی امید اور بہتر آنے والے وقت کے وژن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، جبکہ ایک مضبوط اور مستحکم ایران کے لیے ملک کی قیادت میں اتحاد قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا ایران پر بہت سخت حملے جاری رکھے گا کیونکہ واشنگٹن کا مقصد اس جنگ میں فتح حاصل کرنا ہے۔ریاست میری لینڈ میں واقع کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم صرف جیتنا چاہتے ہیں اور بہت اچھا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس قسم کی صورتِ حال میں جہاں تک ممکن ہو نرمی سے کام لینے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس دوران ایران کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔