حماس بورڈ آف پیس معاہدے سے متفق، غیر مسلح ہونے پر راضی

Wait 5 sec.

غزہ(31 جولائی 2026): غزہ بورڈ آف پیس اور حماس نے جنگ بندی کے اگلے مراحل پر عملدرآمد کے لیے ایک تفصیلی روڈ میپ پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے تحت حماس اپنے تمام ہتھیار مرحلہ وار چھوڑنے پر رضامند ہو گئی ہے۔غزہ بورڈ آف پیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کئی ماہ کے طویل مذاکرات کے بعد یہ معاہدہ طے پایا ہے، جس کا بنیادی مقصد غزہ میں نئی حکومت کا قیام، سیکیورٹی کی بحالی، تعمیرِ نو اور معاشی ترقی کو ممکن بنانا ہے۔ منصوبے کے مطابق حماس کے غیر مسلح ہونے کے بعد اسرائیلی افواج کے غزہ سے مکمل انخلا کی راہ ہموار ہوگی۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ کے ساتھ مل کر اختیارات کی مرحلہ وار منتقلی پر کام جاری ہے، اور اس کمیٹی کو بین الاقوامی استحکام فورس کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔ اب تمام فریقین کی توجہ اس منصوبے کے عملی نفاذ پر مرکوز ہے۔دوسری جانب حماس نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیاروں کے خاتمے اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مرحلہ وار انخلا پر معاہدہ طے پا چکا ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ ثالث اس معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اور ہمیں امید ہے کہ ثالث اور بورڈ آف پیس اسرائیل کو بھی اس معاہدے کا پابند بنائیں گے۔