شہزادہ ولیم نے ہیری اور میگھن کو شاہی رہائش گاہ میں قیام سے کیوں روکا؟

Wait 5 sec.

لندن : برطانوی شاہی خاندان میں ہونے والے اختلافات تاحال برقرار ہیں، شہزادہ ولیم نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو ونڈسر اسٹیٹ میں رہائش گاہ میں قیام کی اجازت نہ دی۔برطانوی شاہی خاندان کے اندر اختلافات کا نوعیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ شہزادہ ولیم نے اپنے بھائی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو برطانیہ کے دورے کے دوران ونڈسر میں شاہی رہائش گاہ دینے سے انکار کردیا۔برطانوی اخبار دی سن کی شاہی امور کی ایڈیٹر ایملی اینڈریوز کے مطابق اگرچہ بادشاہ چارلس سوم شہزادہ ہیری اور میگھن کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے آمادہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم شہزادہ ولیم نے واضح طور پر مؤقف اختیار کیا کہ ونڈسر کی شاہی رہائش گاہیں ان کے بھائی اور بھابھی کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔دی سن کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پرنس ولیم نہیں چاہتے تھے کہ ونڈسر اسٹیٹ میں ان کی شہزادہ ہیری اور میگھن سے اچانک ملاقات ہو، کیونکہ ان کے خیال میں یہ صورتِ حال کشیدہ ماحول پیدا کرسکتی تھی۔ اسی وجہ سے دونوں بھائیوں کے قیام اور مصروفیات کو الگ الگ رکھا گیا تاکہ کسی بھی براہِ راست ملاقات سے بچا جاسکے۔اطلاعات کے مطابق شہزادہ ہیری کو ونڈسر کے بجائے بکنگھم پیلس میں رہائش کی پیشکش کی گئی، جبکہ وہ اور میگھن مارکل وسطی لندن میں بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا سے ملاقاتوں میں مصروف رہے۔ دوسری جانب شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین اسی دوران ایک خیراتی پولو ایونٹ میں شریک ہوئے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں شاہی بھائیوں کو آخری بار گزشتہ برس اپنے چچا کی آخری رسومات کے موقع پر عوامی سطح پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، جہاں وہ تقریب کے دوران ایک دوسرے سے نمایاں فاصلے پر رہے۔دریں اثنا، شہزادی کیتھرین (کیٹ مڈلٹن) کے کردار کے حوالے سے بھی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں انہیں دونوں بھائیوں کے درمیان مفاہمت کی خواہاں شخصیت قرار دیا گیا تھا، تاہم شاہی امور کے مبصر رسل مائرز کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے یہ تسلیم کر لیا کہ دونوں بھائیوں کے اختلافات گہرے ہیں اور فوری طور پر ان کے ختم ہونے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے اپنی نجی زندگی، سکیورٹی اور شاہی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح حدود مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کے تحت شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے لیے بعض شاہی رہائش گاہوں تک رسائی محدود رکھی گئی۔تاہم شاہی خاندان کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، اس لیے ان اطلاعات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔