ویلنگٹن : نیوزی لینڈ حکومت نے ہنرمند غیرملکیوں کے لیے اسکلڈ مائیگرنٹ کیٹیگری ریزیڈنٹ ویزا کے تحت مستقل رہائش حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے رہائش، ملازمت اور تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔اس ویزا کے تحت درخواست گزار اپنی شریک حیات اور 24 سال یا اس سے کم عمر کے زیر کفالت بچوں کو بھی درخواست میں شامل کر سکتا ہے۔ویزا فیس 6 ہزار 450 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے، جبکہ مسلسل دو سال تک یہ ویزا رکھنے کے بعد مستقل رہائشی ویزا کے لیے درخواست دینے کی اہلیت حاصل ہوجاتی ہے، جس سے نیوزی لینڈ میں بلا محدود آمد و رفت ممکن ہوتی ہے۔اہلیت کی شرائطویزا کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر درخواست کے وقت 55 سال یا اس سے کم ہونی چاہیے، اس کے علاوہ اچھی صحت، اچھا کردار اور انگریزی زبان پر مناسب عبور لازمی ہے۔اگر شریک حیات یا بچوں کو بھی درخواست میں شامل کیا جائے تو ان کے ساتھ حقیقی خاندانی تعلق ثابت کرنا ہوگا۔امیدوار کے پاس نیوزی لینڈ میں کسی منظور شدہ (ایکریٹڈٹ) آجر کی جانب سے کل وقتی ہنر مند ملازمت کی پیشکش یا ملازمت ہونا ضروری ہے، جبکہ اسکلڈ ریزیڈنٹ پوائنٹس سسٹم کے تحت کم از کم 6 پوائنٹس حاصل کرنا بھی لازمی شرط ہے۔ملازمت اور تنخواہ کی شرائطملازمت ہفتہ وار کم از کم 30 گھنٹے کی ہونی چاہیے اور مستقل، کم از کم 12 ماہ کے معاہدے یا مسلسل 6 ماہ کے کنٹریکٹ پر مشتمل ہو۔ ملازمت منظور شدہ آجر کے ساتھ ہونی چاہیے۔اگر ملازمت اے این زیڈ ایس سی او لیول 1 سے 3 میں آتی ہے تو کم از کم اجرت 35 نیوزی لینڈ ڈالر فی گھنٹہ ہونی چاہیے، جبکہ اے این زیڈ ایس سی او لیول 4 اور 5 کی ملازمت کے لیے کم از کم 52.50نیوزی لینڈ ڈالر فی گھنٹہ تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔پوائنٹس سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟امیدوار کو کم از کم 6 اسکلڈ ریزیڈنٹ پوائنٹس درکار ہوں گے۔ یہ پوائنٹس تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ رجسٹریشن یا آمدنی کی بنیاد پر حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ میں ہنر مند کام کے تجربے پر اضافی پوائنٹس بھی دیے جاتے ہیں۔انگریزی زبان کی شرطدرخواست گزار کو انگریزی زبان جاننے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ شریک حیات اور 16 سال یا اس سے زائد عمر کے زیر کفالت بچوں کے لیے بھی انگریزی زبان کی اہلیت یا نیوزی لینڈ میں انگریزی کورس کی فیس ادا کرنا ضروری ہوگا۔ زبان کی مہارت تعلیم، شہریت یا منظور شدہ ٹیسٹ کے ذریعے ثابت کی جا سکتی ہے۔درخواست دینے کا طریقہدرخواست کا پہلا مرحلہ ایکسپریشن آف انٹرسٹ (Expression of Interest) جمع کرانا ہے، جس کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ مطلوبہ شرائط پوری ہونے پر امیدوار کو دعوت نامہ (Invitation to Apply) جاری کیا جاتا ہے، جس کے بعد چار ماہ کے اندر مکمل درخواست جمع کرانا ہوتی ہے۔درخواست کے ساتھ پاسپورٹ، تصویر، میڈیکل رپورٹ، ایکسرے، پولیس کلیئرنس، انگریزی زبان کا ثبوت، ملازمت کی پیشکش اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ضروری ہیں۔ اگر کوئی دستاویز انگریزی کے علاوہ کسی اور زبان میں ہو تو اس کا مصدقہ انگریزی ترجمہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔نیوزی لینڈ کا مستقل رہائشی ویزا حاصل کرنے کے لیے عام طور پر پہلے عارضی ورک ویزا، اسکلڈ مائیگریشن کیٹیگری یا سرمایہ کاری کے پروگرام کے تحت قیام کرنا پڑتا ہے۔اس کے بعد مقررہ مدت (عموماً 2 سال تک مستقل رہائشی کی حیثیت سے رہنے) کے بعد مستقل رہائش دی جاتی ہے۔نیوزی لینڈ کی امیگریشن اتھارٹی نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ درخواست جمع کرانے سے پہلے تمام شرائط کا بغور جائزہ لیں اور تازہ ترین معلومات کے لیے صرف سرکاری امیگریشن ویب سائٹ سے رجوع کریں۔