صدر ٹرمپ کا بڑا یو ٹرن، جیت کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کی بھی حمایت کر دی

Wait 5 sec.

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑا یو ٹرن لے لیا ہے، طویل عرصے سے جاری شدید مخالفت کے بعد انھوں نے اچانک ڈاک کے ذریعے اور قبل از وقت ووٹنگ کی حمایت شروع کر دی ہے، اور جیت کے لیے سر توڑ کوششوں میں ریپبلکن ووٹرز کو ارلی ووٹنگ اور ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے ’’ہر مناسب طریقہ‘‘ استعمال کریں۔ ریپبلکنز کو وسط مدتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے پہلے سے ریکارڈ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں ٹرمپ نے ایسے طریقوں سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے جن کی وہ ماضی میں مخالفت کرتے رہے ہیں، جن میں قبل از وقت اور بذریعہ ڈاک ووٹنگ شامل ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا ’’اگر آپ کی ریاست میں قبل از وقت ووٹنگ کی سہولت موجود ہے تو انتظار نہ کریں، باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔‘‘ انھوں نے کہا ’’قبل از وقت ووٹ دیں، بذریعہ ڈاک ووٹ دیں یا انتخابی دن ذاتی طور پر ووٹ ڈالیں۔‘‘صدر ٹرمپ طویل عرصے سے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے مخالف رہے ہیں، انھوں نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ محدود کرنے کے لیے صدارتی حکم جاری کیے، اور ڈاک ووٹنگ کو دھاندلی اور امریکا کے لیے باعث شرمندگی قرار دیا تھا۔کینیڈا کی انٹیلیجنس رپورٹ میں بھارت کو غیر ملکی مداخلت کا دوسرا بڑا ذریعہ قرار دے دیا گیاامریکی مڈٹرم الیکشن میں ایک ماہ باقی ہے، 10 لاکھ سے زائد ووٹ کاسٹ کیے جا چکے ہیں، سی این این کے مطابق سینیٹ اور گورنر کی کئی نشستوں پر ڈیموکریٹس کو ابتدائی ووٹنگ میں برتری حاصل ہے، اور ڈیموکریٹس الیکشن ڈے سے پہلے ووٹ ڈالنے میں ریپبلکنز سے زیادہ فعال ہیں۔ٹرمپ اگرچہ یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں، جو درست نہیں، کہ بذریعہ ڈاک ووٹنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ خود بھی ووٹ ڈالنے کے لیے اس طریقے کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ مارچ میں فلوریڈا کے ریاستی ایوانِ نمائندگان کے ایک خصوصی انتخاب میں بھی انھوں نے بذریعہ ڈاک ووٹ دیا تھا۔انتخابات سے قبل ووٹنگ کے طریقوں کے حوالے سے صدر ٹرمپ کا یہ یوٹرن پہلا واقعہ نہیں، 2024 میں ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ’’Swamp The Vote USA‘‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی تھی، جس کا مقصد غیر حاضر ووٹنگ، بذریعہ ڈاک ووٹنگ اور قبل از وقت ووٹنگ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اپنے ویڈیو پیغام میں بھی اسی پروگرام کا حوالہ دیا۔