دبئی سے لندن جانے والی ایمریٹس کی پرواز کا رخ میڈیکل ایمرجنسی کے باعث فرینکفرٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔دبئی میڈیا آفس کے بیان کے مطابق دبئی سے لندن ہیتھرو جانے والی ایمریٹس کی ایک پرواز کا رخ مغربی جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی جانب موڑ دیا گیا جس کی وجہ ایک مسافر کو پیش آنے والی طبی ہنگامی صورتحال تھی۔ایمریٹس کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران کیبن عملے نے مسافر کی مدد کی جبکہ فرینکفرٹ پہنچنے پر طبی امداد کا انتظام کیا گیا۔بیان کے مطابق، پرواز EK31 فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گئی جہاں مسافر مزید طبی امداد کے حصول کے لیے طیارے سے باہر آیا۔میڈیا آفس نے مزید بتایا کہ پرواز کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے (1400 جی ایم ٹی) کے قریب لندن ہیتھرو کے لیے اپنا سفر دوبارہ شروع کرنے کی توقع ہے۔یہ واقعہ اس واقعے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے جب دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز FZ1073 (جس میں 174 مسافر سوار تھے) کو کاک پٹ میں تلخ کلامی کی اطلاع ملنے کے بعد سعودی عرب کے شمال مغربی شہر تبوک میں واقع شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔