ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آئندہ چند دنوں میں آئرلینڈ کے دورے پر جانا ہے، جہاں اسے 2 ٹی-20 میچ کھیلنے ہیں۔ اس دورے کے حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جو عام طور پر آئرلینڈ کے خلاف گزشتہ کسی بھی سیریز میں دیکھنے کو نہیں ملا۔ اس کی وجہ 15 سالہ بلے باز ویبھو سوریہ ونشی ہیں، جنہیں پہلی بار ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے اور وہ اس سیریز میں اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ تاہم ان کے ڈیبیو سے پہلے ہی سیریز پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں، کیونکہ آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں، جس نے بی سی سی آئی کو فکر مند کر دیا ہے۔Cricket Ireland issues critical update amid unrest in Belfast ahead of IRE vs IND 2026 T20Is https://t.co/C3CRsvtikv pic.twitter.com/1Z4LeNBiAC— Sportskeeda (@Sportskeeda) June 12, 2026شمالی آئرلینڈ کی راجدھانی بیلفاسٹ میں گزشتہ چند دنوں سے شدید احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ان مظاہروں کی وجہ قتل کی کوشش کا ایک واقعہ بنا ہے۔ گزشتہ ہفتہ بیلفاسٹ میں سوڈانی نژاد ایک مہاجر شخص نے سڑک کے درمیان ایک مقامی شہری پر چاقو سے حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران اس نے مبینہ طور پر اس کا سر قلم کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد پورے شمالی آئرلینڈ میں خوف اور غصے کی لہر دوڑ گئی۔ یہ غصہ سڑکوں پر اس وقت نظر آیا جب سینکڑوں افراد نے غیر آئرش باشندوں کے خلاف مظاہرے کیے اور ان کے گھروں، دکانوں اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ انہیں نذرِ آتش بھی کر دیا۔ان مظاہروں کا سب سے بڑا مرکز راجدھانی بیلفاسٹ رہا، جہاں سب سے زیادہ پرتشدد واقعات پیش آئے۔ اس صورت حال نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق بورڈ نے اپنی تشویش کا اظہار بھی کیا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ساتھ ہی بورڈ نے کہا ہے کہ اگر کرکٹ آئرلینڈ کی جانب سے مقابلہ والی جگہ (وینیو) تبدیل کرنے کی کوئی تجویز پیش کی جاتی ہے تو بی سی سی آئی اس پر غور کرے گا۔بورڈ کا کہنا ہے کہ اب یہ فیصلہ کرکٹ آئرلینڈ کو کرنا ہے کہ وہ میچ کہاں منعقد کراتا ہے۔ اس معاملے میں بی سی سی آئی کا مؤقف واضح ہے کہ کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم سے وابستہ دیگر عہدیداروں کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔ دوسری جانب کرکٹ آئرلینڈ نے بھی کہا ہے کہ وہ موجودہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ حالات کے مطابق ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔ ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان 27 اور 29 جون کو بیلفاسٹ میں ہی 2 ٹی-20 میچ کھیلے جانے ہیں۔