واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انٹرویو کے دوران اینکر پر شدید غصہ ہوگئے اور ’بیوقوف‘ کہہ کر انٹرویو ادھورا چھوڑ کرچلے گئے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میڈیا کے درمیان جاری سرد جنگ ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی۔‘این بی سی نیوز’ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ اس وقت طیش میں آگئے جب کیلیفورنیا کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کے طریقہ کار پر بات چیت شروع ہوئی۔ بات اتنی بڑھی کہ صدر انٹرویو بیچ میں ہی چھوڑ کر واک آؤٹ کر گئے۔انٹرویو کے دوران این بی سی کی اینکر کرسٹین ویلکر نے جب کیلیفورنیا الیکشن میں ووٹوں کی گنتی میں ہونے والی تاخیر کا معاملہ اٹھایا تو صدر ٹرمپ نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا:صدر ٹرمپ نے گنتی میں تاخیر کو غیر آئینی اور مشکوک قرار دیتے ہوئے اینکر سمیت پورے امریکی میڈیا کو ‘کرپٹ’ اور جانبدار قرار دیدیا۔اس کے بعد جب خاتون اینکر کرسٹین ویلکر نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے تحت صدر ٹرمپ سے دھاندلی کے مبینہ الزامات کے ٹھوس ثبوت مانگے، تو صدر مزید برہم ہو گئے۔اینکر کے بار بار اصرار اور ثبوت فراہم کرنے کے سوال پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لائیو ریکارڈنگ کے دوران ہی خاتون اینکر کو کھلے عام "بیوقوف” قرار دیا۔اینکر کی جانب سے سوالات کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کے باوجود صدر ٹرمپ نے مزید بات کرنے سے صاف انکار کر دیا اور مائیک ہٹا کر انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔اس واقعے کے بعد امریکی صحافتی تنظیموں اور این بی سی نیوز کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اس رویے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس کے حامیوں کا موقف ہے کہ میڈیا جان بوجھ کر صدر کو مشتعل کرنے کے لیے ایسے سوالات اٹھاتا ہے۔