اسرائیل پر ایران کےبیلسٹک میزائلوں کی نئی لہر، بن گوریان ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ

Wait 5 sec.

تل ابیب : ایران نے اسرائیلی علاقے کی طرف میزائلوں کی نئی لہر فائر کردی ، جس کے بعد بن گوریان ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے حالیہ فضائی حملوں کے بعد ایران نے "جواب الجواب” کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں کی ایک نئی اور بڑی لہر داغ دی۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور عسکری حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل پر کیے گئے حالیہ حملے ابھی صرف ایک وارننگ ہیں، اگر اسرائیل نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو ایران کا جواب انتہائی تباہ کن اور افسوسناک ہوگا۔ایرانی عسکری حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر لبنان اور بیروت پر اسرائیلی حملے جاری رہے، تو ایران اپنی جوابی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرے گا۔ایرانی حکام کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے آغاز سے ہی ایران خطے بالخصوص لبنان میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم اسرائیلی جارحیت کا جواب دینا ان کا دفاعی حق ہے۔اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے تصدیق کی ہے کہ تہران کی جانب سے اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائلوں کی ایک نئی لہر فائر کی گئی تاہم فضائی دفاعی نظام خطرات کو روکنے اور ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔اسرائیلی ریڈیو پر باقاعدہ اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ یہ فضائی حملے اور جنگی صورتحال کئی دنوں تک جاری رہ سکتی ہے۔دوسری جانب ایرانی میزائل گرنے کے خطرے اور حملوں کی شدت کے باعث اسرائیل کے سب سے بڑے "بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ” پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔سیکیورٹی حالات کے پیشِ نظر اسرائیل بھر میں اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی چھٹیاں پہلے ہی منسوخ کر کے ہائی الرٹ برقرار رکھا گیا ہے۔