لبنان پر فضائی حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغ دیے، گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد اس نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہوا ہے۔مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے، ایران نے بیروت پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں اسرائیل کی جانب میزائل داغ دیے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جواب میں اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے متعدد میزائل فائر کیے گئے ہیں، تاہم فضائی دفاعی نظام بیشتر حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایرانی میزائلوں کی نشاندہی ہوتے ہی حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے، جبکہ فوج کو آئندہ چند گھنٹوں کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔یہ صورتحال اتوار کے روز جنوبی بیروت پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سامنے آئی، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ ہفتے امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔ایرانی حکام نے پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ لبنان پر حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بعد ازاں ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کارروائی بیروت پر حملے کے ردعمل میں کی گئی ہے۔دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگر لبنان پر حملے نہ روکے گئے تو آئندہ ردعمل پہلے سے زیادہ شدید اور تباہ کن ہوگا۔علاقائی مبصرین کے مطابق اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ پہلا بڑا حملہ تصور کیا جا رہا ہے، جس نے خطے میں ایک بار پھر بڑے تصادم کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔