نئی دہلی: عمان کی خلیج میں ہندوستانی ملاحوں کو لے جانے والے تجارتی جہازوں پر امریکی فوجی کارروائیوں میں تین ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ہندوستان نے سخت سفارتی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعرات کو امریکی ناظم الامور جیسن میکس کو وزارت خارجہ طلب کر لیا۔ وزارت خارجہ نے امریکی بحری افواج کی جانب سے تجارتی جہازوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں پر شدید احتجاج درج کراتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے ان کے سامنے اس معاملے پر ہندوستان کی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزارت نے نشاندہی کی کہ امریکی بحری افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں پہلے ہی تین ہندوستانی ملاح جان گنوا چکے ہیں، جن کی ہلاکت کو روکا جا سکتا تھا۔ حکومت نے شہری جہازرانی کے خلاف مہلک طاقت کے استعمال پر ایک بار پھر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ایک حساس خطے میں بین الاقوامی بحری تجارت کی سلامتی، تحفظ اور استحکام کو کمزور کرتے ہیں۔بیان کے مطابق جیسن میکس سے کہا گیا کہ وہ ہندوستان کی شدید تشویش اپنی حکومت تک پہنچائیں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ خطے میں تعینات امریکی افواج آئندہ شہری جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔یہ سفارتی کشیدگی گزشتہ چند دنوں کے دوران عمان کے ساحل کے قریب پیش آنے والے واقعات کے بعد سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آٹھ جون کو پلاؤ کے پرچم والے تیل بردار جہاز "میری ویکس" کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر 24 ہندوستانی ملاح سوار تھے۔ اس کارروائی میں تمام افراد محفوظ رہے۔ اس کے بعد 10 جون کو "سیٹیبیلو" نامی ٹینکر امریکی کارروائی کی زد میں آیا، جس کے نتیجے میں 24 ہندوستانی ملاحوں میں سے تین ہلاک ہو گئے جبکہ باقی افراد محفوظ رہے۔ بعد ازاں جمعرات کو "جل ویر" نامی ایک اور جہاز بھی کارروائی کا نشانہ بنا، جس پر 20 ہندوستانی شہری سوار تھے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ’جل ویر‘ نے امریکی احکامات پر عمل نہیں کیا تھا، جس کے بعد ایک جنگی طیارے نے اس کے انجن والے حصے پر دو میزائل داغے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز ایرانی تیل کی نقل و حمل کے ذریعے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا، تاہم ہندوستان نے شہری جہازوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر سخت اعتراض کیا ہے۔دریں اثنا کانگریس نے بھی اس معاملے کو لے کر مودی حکومت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں تین مختلف تجارتی جہاز امریکی کارروائیوں کا شکار ہوئے، جن میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہوئے، لیکن وزیر اعظم نے اس بارے میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔راہل گاندھی نے کہا کہ آئندہ ہفتے جی-7 اجلاس میں وزیر اعظم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، لیکن ان ہندوستانی ملاحوں کے لیے اظہار افسوس تک سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک ایسا وزیر اعظم جو دباؤ کا شکار ہو چکا ہو، وہ "بھارت ماتا" کے بیٹوں کی حفاظت نہیں کر سکتا۔ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر مؤثر سفارتی اقدامات کرے اور ذمہ داروں سے جواب طلب کرے۔