جرمنی : فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر لفتھانسا کا نیا بوئنگ طیارہ ‘زمین بوس’ ہوگیا ، جس کے نتیجے میں عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوگئے۔جرمنی کے مصروف ترین ہوائی اڈے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے دوران لفتھانسا ایئرلائن کے ایک نئے بوئنگ 787-9 طیارے کا نوز گیئر اچانک گرنے سے طیارہ زمین بوس ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد معمولی زخمی ہو گئے۔ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب لاس اینجلس جانے والی پرواز LH450 کی بورڈنگ جاری تھی۔ واقعے کے وقت طیارے میں مسافر موجود نہیں تھے، تاہم کیبن کریو اور گراؤنڈ ہینڈلنگ عملہ طیارے میں موجود تھا۔حادثے میں کیبن کریو کے دو ارکان اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کے چند ملازمین معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ فرینکفرٹ ایئرپورٹ کے برج A15 پر پیش آیا، جہاں کھڑا طیارہ نوز گیئر گرنے کے باعث سامنے کی جانب جھک گیا اور اسے شدید نقصان پہنچا۔لفتھانسا نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ نوز گیئر کے اچانک فیل ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔متاثرہ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر نے رواں سال جنوری میں اپنی پہلی پرواز کی تھی جبکہ تقریباً پانچ ماہ قبل اسے لفتھانسا کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔