یوکرین جنگ : بھارت روس کو مالی امداد فراہم کررہا ہے، امریکا

Wait 5 sec.

واشنگٹن : امریکا نے ایک بار پھر روس یوکرین جنگ میں بھارت کی جانب سے روس کو مالی امداد فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ بات وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور صدر ٹرمپ کے اہم سیاسی مشیر اسٹیفن ملر نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئی کہی۔ایک سوال کے جواب میں اسٹیفن ملر نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس سے تیل خرید کر یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں اسے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔فوکس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ یہ حقیقت جان کر حیران رہ جائیں گے کہ روسی تیل کی خریداری میں بھارت عملی طور پر چین کے برابر ہے۔امریکی صدر کے اہم سیاسی مشیر نے کہا کہ ٹرمپ کے بھارتی وزیراعظم مودی سے بہت اچھے تعلقات ہیں لیکن بھارت کا اس طرح روس سے تیل خرید کر اسے جنگ میں مالی امداد فراہم کرنا امریکہ کو ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔دوسری جانب اس بیان پر بھارتی سفارت خانے کی جانب سے تاحال کوئی رد عمل یا تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم گزشتہ روز بھارتی سرکاری ذرائع نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ نئی دہلی روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا، چاہے امریکہ کی جانب سے دھمکیاں ہی کیوں نہ دی جائیں۔