انڈیگو بحران: پریشان حال مسافروں کو ریفنڈ میں بھی دقتوں کا سامنا، حکومت نے ایئرلائن کو رقم واپسی کے لیے دیا کل تک کا وقت

Wait 5 sec.

انڈیگو ایئرلائن گزشتہ 5 دنوں سے شدید بحران کی زد میں ہے۔ اب تک مجموعی طور پر ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ صرف 5 دسمبر کو ہی انڈیگو کی تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں، اور آج اب تک تقریباً 500 پروازیں منسوخ کیے جانے کی خبریں موصول ہو چکی ہیں۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ رَد ہوئی پروازوں کے مسافروں کو ریفنڈ ملنے بھی بھی دقتوں کا سامنا ہے۔ انڈیگو کے اس رویہ پر مرکزی وزارت برائے شہری ہوابازی نے سخت رخ اختیار کیا ہے۔ وزارت نے انڈیگو کو ہدایت دی ہے کہ وہ کل (7 دسمبر) شام 8 بجے تک سبھی زیر التوا ریفنڈ کو یقینی بنائے۔ یعنی اتوار کی شام 8 بجے تک رَد پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم ملنے کا قوی امکان ہے۔وزارت برائے شہری ہوابازی کے ذریعہ انڈیگو کو جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اگر بتائی گئی مدت تک ایئرلائنس نے مسافروں کا ریفنڈ نہیں کیا، تو آگے کی جانچ اور سزا سے متعلق کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ وزارت نے 24x7 ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے، تاکہ مسافروں کی پریشانیاں کم ہو سکیں۔ مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرے، کھانے اور متبادل ٹرانسپورٹیشن کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کے سامان سے متعلق بھی وزارت نے انڈیگو ایئرلائن کو کچھ اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارت نے کہا ہے کہ 48 گھنٹوں میں کسٹمر تک ان کا سامان پہنچنا چاہیے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کو سامان کے لیے مسافروں کو فون کر کے رابطہ کرنا ہوگا اور گھر تک پہنچنا ہوگا۔ وزارت کی ان ہدایات سے مسافروں کو کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ ان ہدایات کے بعد ایئرپورٹ پر پھنسے لوگوں کے کھانے اور رہنے کا انتظام بھی ایئرلائن کو کرنا ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی دوپہر تک دہلی سے جانے اور آنے والی 86 پروازیں کر کیے جانے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ ان میں 37 دہلی سے روانہ ہونے والی اور 49 دہلی آنے والی انڈیگو کی پروازیں ہیں۔ ممبئی ایئرپورٹ سے بھی آج انڈیگو کی 109 پروازیں رد ہو گئیں، جن میں 51 آنے والی اور 58 جانے والی پروازیں ہیں۔ اسی طرح احمد آباد میں 19 انڈیگو پروازیں اور ترووننت پورم میں 6 انڈیگو پروازیں رَد کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ دیگر ریاستوں میں بھی کئی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔