گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ ’عالمی جرم‘ قرار، کولمبیا نے اسرائیلی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا

Wait 5 sec.

بوگوٹا (2 اکتوبر 2025): کولمبیا نے پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کو عالمی جرم قرار دیتے ہوئے اسرائیلی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا۔ترک خبر ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے غزہ پٹی میں انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر 2 کولمبیائی شہریوں کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا۔کولمبیائی شہری مانوئلا بیڈویا اور لونا باریٹو گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل ہیں۔ گلوبل موومنٹ ٹو غزہ کے ایک بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے ان خواتین کو حراست میں لیا جب قافلہ ساحل سے 150 ناٹیکل میل (172 میل) کے فاصلے پر خطرناک علاقے میں پہنچا۔بیان میں کہا گیا کہ 150 ناٹیکل میل تک پہنچنے کے بعد اسرائیلی جہازوں نے سمندری پوزیشننگ 23:59 یو ٹی سی (کولمبیا کے وقت شام 6:59 بجے) شروع کی، دیگر کارکنوں پر حملہ یا انہین روکا گیا جو عالمی قانون اور جنیوا معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔گوستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خبردار کیا کہ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی طرف سے ایک نیا عالمی جرم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارت کا معاہدہ فوری طور پر منسوخ کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے کے شروع میں انہوں نے اسرائیل کے ساتھ معاہدے کو معطل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔گوستاوو پیٹرو نے مئی 2024 میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔