ابیزا : اسپین کے حسین ترین سیاحتی جزیرے ابیزا میں خوفناک طوفان اور سیلاب سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، حکومت نے صورتحال پر قابو پانے کیلیے فوج کو طلب کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابیزا کے ہوائی اڈے پر نکاسی آب نہ ہونے سے سیکیورٹی چیک ایریا کی چھت لیک ہوگئی اور بارش کا پانی ایئرپورٹ کے اندرونی حصے میں کھڑا ہوگیا۔ابیزا جزیرے کی متعدد سڑکیں سیلاب میں کئی فٹ تک ڈوبی ہوئی ہیں، جن میں ہوائی اڈے کی طرف جانے والی مرکزی سڑک اور داخلی راستے شامل ہیں، مذکورہ صورتحال کے سبب جزیرے پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا جگہ جگہ گاڑیاں بہتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔گیبریئل نامی طوفان کے نتیجے میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد پورا شہر زیرِ آب آ گیا، سڑکیں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور رہائشی ہوٹلوں سمیت متعدد عمارتوں میں پانی چلا گیا۔فضائی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سی ویو پر واقع پورا علاقہ آلودہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے گلیوں میں گاڑیاں پانی میں ڈوبی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ مقامی افراد پانی کے تیز بہاؤ سے گزرنے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔حکومت نے گزشتہ روز جزیرے پر غیر معمولی خطرے کا ریڈ الرٹ جاری کیا اور حالات پر قابو پانے کیلیے ہنگامی طور پر فوج اور پولیس کی اضافی نفری کو ابیزا روانہ کیا گیا۔ابیزا میں فوج نے کارروائیاں کرتے ہوئے148 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، کچھ ریسکیو کارروائیاں نہایت پیچیدہ تھیں۔ ایک واقعے میں دو مرد، ایک خاتون، ایک بچی اور دو کتوں کو ایک پیڈل بورڈ کے ذریعے پانی سے نکالا گیا۔