واشنگٹن (12 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی تیل خریدنے پر بھارت پر بھاری ٹیرف روس کی معیشت کو بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔انڈین میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ جاری عالمی دباؤ اور بھارت سمیت متعدد ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی وجہ سے روس کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے روسی حکومت کو ملک کی دوبارہ تعمیر کرنا ہوگی کیونکہ یہ بڑا ملک ہے اور اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی زبردست صلاحیت ہے لیکن وہ نہیں کر رہے۔انہوں نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب امریکی صدر سب سے بڑے یا دوسرے سب سے بڑے تیل خریدار کو خبردار کرتے ہیں کہ روس سے تیل خریدنے پر 50 فیصد ٹیرف عائد ہوگا تو یہ ماسکو کیلیے ایک بڑا دھچکا ہے۔واضح رہے کہ امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جبکہ روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ٹیرف عائد کرنے سے امریکا کو نہ صرف آمدنی حاصل ہوئی بلکہ پانچ جنگوں کو حل کرنے میں بھی مدد ملی جس میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔