پارلیمنٹ میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف اپوزیشن کا ہنگامہ، 124 سالہ مِنتا دیوی کی ٹی شرٹ پہن کر احتجاج

Wait 5 sec.

نئی دہلی: پارلیمنٹ میں منگل کو بہار کے خصوصی گہری جانچ (ایس آئی آر) کے مسئلے پر زبردست ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن نے حکومت پر ’ووٹ چوری‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل کا استعمال ووٹر فہرست میں ہیر پھیر اور اپوزیشن کے ووٹ بینک کو کمزور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ایوان میں شور شرابے اور نعرے بازی کے دوران ارکان نے اسپیکر کے قریب جا کر احتجاج ریکارڈ کرایا، جس پر کارروائی پہلے کچھ دیر کے لیے اور پھر دوپہر تین بجے تک ملتوی کر دی گئی۔کانگریس سمیت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں بھی شدید احتجاج کیا، جس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپوزیشن کے ارکان نے ایک منفرد انداز اپنایا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، سماج وادی پارٹی کی ایم پی ڈمپل یادو، اور انڈیا بلاک کے دیگر رہنما پارلیمنٹ کے مکر دروازے پر جمع ہوئے اور 124 سالہ مِنتا دیوی کی تصویر اور نام والی سفید ٹی شرٹس پہن کر نعرے لگائے۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ مِنتا دیوی بہار کی ووٹر لسٹ میں پہلی مرتبہ درج ہوئی ہیں لیکن ان کی عمر 124 سال لکھی گئی ہے، جو مبینہ ووٹر دھاندلی کی علامت ہے۔ڈمپل یادو نے کہا، ’’اگر ہم ابھی ان دھاندلیوں کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو کب اٹھائیں گے؟ جمہوری نظام کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن اس کا فوری نوٹس لیں۔‘‘ ان کے مطابق بی جے پی عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔راجیہ سبھا میں بھی اس مسئلے پر شور ہوا اور کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ مسلسل ہنگامے کی وجہ سے دونوں ایوانوں میں زیرِ بحث آنے والے کئی بلوں پر بات نہ ہو سکی۔ پیر کو بھی یہی صورتحال رہی، جب آٹھ بل بغیر بحث کے ہی منظور کر لیے گئے۔گزشتہ روز اپوزیشن کے تقریباً 300 اراکین پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کر چکے ہیں۔ اس مارچ میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور اکھلیش یادو سمیت کئی رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم دو گھنٹے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ 11 اگست کو بھی اپوزیشن کے متعدد رہنما احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے تھے۔آج ایوان میں احتجاج کے دوران شیوسینا (یوبی ٹی) کے رکن اروند ساونت گلے میں پیاز کی مالا پہن کر پہنچے۔ انہوں نے کہا، ’’کسان اپنی لاگت بھی پوری نہیں کر پا رہے۔ حکومت فصل کی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی بات کرتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ کسان نقصان اٹھا رہے ہیں اور خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے پیاز کے لیے کم از کم امدادی قیمت (MSP) دینے کا مطالبہ کیا۔वोट चोर - गद्दी छोड़ !! INDIA गठबंधन का आज संसद में एक बार फिर प्रदर्शन। pic.twitter.com/wxcIuZ8Rsz— Mallikarjun Kharge (@kharge) August 12, 2025کانگریس کے رکن کے سریش نے کارروائی ملتوی ہونے کے بعد کہا کہ ’’مِنتا دیوی ووٹ چوری کی علامت ہیں۔ ہم ایوان کے اندر اور باہر اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اگر ایوان میں بات نہ ہو تو ہم سڑک پر احتجاج کریں گے۔‘‘ بہار کے ایس آئی آر معاملے نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے اور اپوزیشن اس مسئلے کو عوامی سطح پر اٹھانے کے لیے بھرپور تیاری میں نظر آ رہی ہے۔