نئی دہلی (13 اگست 2025): بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلیے دورہ امریکا کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جب اس سلسلے میں بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔معاملے سے واقف بھارتی عہدیدار نے بتایا کہ مودی کی ٹرمپ سے ملاقات کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، ممالک عام طور پر جنرل اسمبلی میں ہونے والے مباحثے کیلیے جگہیں محفوظ رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نریندر مودی 26 ستمبر 2025 کو مقررین کی ایک عارضی فہرست میں شامل ہیں۔یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی جانب سے مودی سرکار کو ایک اور زبردست دھچکابھارتی عہدیدار نے مزید بتایا کہ عارضی فہرست پر نظر ثانی کی جائے گی، ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ آیا مودی جنرل اسمبلی اجلاس میں جائیں گے یا نہیں۔واضح رہے کہ جنرل اسمبلی اجلاس کا آغاز 9 ستمبر کو ہو رہا ہے لیکن بحث، سربراہان مملکت اور حکومت کا سالانہ اجلاس 23 سے 29 ستمبر تک ہوگا۔اگرچہ ممکنہ دورے کی وجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کرنا ہے لیکن ایک اہم مقصد امریکی صدر کے ساتھ بات چیت کرنا اور تجارتی و ٹیرف کے مسائل کو حل کرنا ہوگا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔نریندر مودی کے ممکنہ دورہ امریکا کی خبریں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے چند دن بعد سامنے آئی ہیں۔واضح رہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات بھارت کے وسیع فارم اور ڈیری سیکٹر کھولنے اور روسی تیل کی خریداری روکنے پر اختلاف کی وجہ سے پانچ دور کے بعد ختم ہو گئے تھے۔