مانسون دکھا رہا ہے اثر، یوپی- بہار میں سیلاب کا قہر، اتراکھنڈ سمیت کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ

Wait 5 sec.

ملک بھر میں مانسون اپنا اثر دکھا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف اترا کھنڈ اور ہماچل پردیش سمیت کچھ ریاستوں میں شدید بارش سے تباہی کی حالت پیدا ہو گئی ہے وہیں میدانی علاقوں میں سیلاب نے دستک دینی شروع کر دی ہے۔ بارش سے جہاں کچھ علاقوں میں لوگوں نے گرمی سے راحت محسوس کی ہے وہیں کئی علاقوں میں بارش قہر بن کرٹوٹ پڑی ہے۔ بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈ کے واقعات سے کافی نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات کی تازہ اطلاع کے مطابق فی الحال شدید بارش سے راحت ملنے والی نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور تلنگانہ کے لیے بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ان ریاستوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کے ساتھ ساتھ بادل گرجنے اور بجلی گرنے کے امکان ہیں۔اتر پردیش- بہار میں بھی آج تیز بارش کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے دونوں ریاستوں میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق یوپی کے 55 ضلعوں میں بارش کا الرٹ ہے۔ ان میں سہارنپور سمیت شمالی اتر پردیش اور مشرقی اتر پردیش کے ضلعے شامل ہیں۔ وہیں بہار کے 24 ضلعوں میں شدید بارش ہونے کی امید ہے۔ اتر پردیش اور بہار میں تیز بارش کی وجہ سے ندیوں میں زبردست طغیانی ہے۔ سیلاب کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ بہار کے 12 ضلعوں میں تقریباً 17کھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔اتراکھنڈ میں 5 اگست سے موسم لگاتار خراب ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی ریاست میں موسلادھار بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اترا کھنڈ میں ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 13 اگست کو دہرہ دون، ٹہری، پوڑی، ہریدوار، اودھم سنگھ نگر، چمپاوت، نینی تال اور باگیشور میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں اتر کاشی اور پتھورا گڑھ میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ہماچل پردیش میں بارش اور لینڈ سلائڈ سے اب تک 240 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 15 اگست تک ہماچل کے 5 ضلعوں میں کُلّو، اونا، حمیر پور، چمپا اور سولن میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ساتھ ہی کنور، لاہول اور اسپیتی میں فلیش فلڈ آنے کا اندیشہ ہے۔قومی راجدھانی دہلی کی بات کی جائے تو یہاں محکمہ موسمیات نے بارش کے پیش نظر آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، مہاراشٹر اور آندھرا پردیش کے کچھ علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مغربی راجستھان، گجرات اور گوا کے آس پاس کے کچھ حصوں کو چھوڑ باقی ریاستوں میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔