دہشت گرد اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے آج پھر غزہ بھر میں حملے کیے اور گرجا گھروں پر بھی بم برسا دیئے۔غزہ بھر میں اسرائیلی حملوں میں آج صبح سے90 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا جب کہ محصور علاقے کے واحد کیتھولک چرچ پر حملے میں 3افراد مارے گئے۔غزہ میں چرچ پر اسرائیلی حملہ پر پوپ لیو نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاکتوں اور اور زخمیوں کی اطلاع پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ نے چرچ کے پادری اور مقامی مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا، پوپ لیو نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن پر زور دیا۔یورپی ممالک کی جانب سے بھی حملے پر سخت ردعمل دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل نےغزہ کے نصف سے زائد مذہبی و ثقافتی مقامات تباہ کر دیئے۔ اقوام متحدہ کی تحقیقات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ میں90 فیصد سے زائد اسکول اور جامعات بھی تباہ ہوئے۔اسرائیل نے غزہ چرچ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کر دیا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چرچ کو نقصان پہنچنے اور شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔