دہلی کے وسنت وِہار میں آڈی کار نے فٹ پاتھ پر سو رہے 5 لوگوں کو کچلا، نشے کی حالت میں ڈرائیور گرفتار

Wait 5 sec.

 دہلی کے وسنت وِہار علاقے میں مبینہ طورپر ایک تیز رفتار آڈی کار نے فٹ پاتھ پر سو رہے 5 لوگوں کو کچل دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی پہچان 40 سالہ لڑکے کے طور پر ہوئی ہے، جو دہلی کے دوارکا علاقے کا رہنے والا ہے۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو وہیں سے گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیکل جانچ میں یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ حادثے کے وقت کار چلانے والا نوجوان نشے میں تھا۔’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ کی خبر کے مطابق حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کی پہچان لادھی (40)، ان کی بیٹی بملا (8)، شوہر سابامی عرف چرما (45)، رام چندر (45) اور اس کی اہلیہ نارائنی (35) کے طور پر ہوئی ہے۔ سبھی زخمی راجستھان کے رہنے والے ہیں اور فی الحال دہلی میں مزدوری کرکے اپنی روزی روٹی کا انتظام کر رہے تھے۔ یہ حادثہ منگل کی دیر رات 1:45 بجے شیوا کیمپ کے سامنے ہوا۔ حالانکہ اس خبر کی اطلاع افسروں نے ہفتہ کو دی۔بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت سبھی متاثرین فٹ پاتھ پر سو رہے تھے، تبھی ایک سفید رنگ کی آڈی کار تیز رفتار سے آئی اور ایک کے بعد ایک پانچ لوگوں کو روندتے ہوئے نکل گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق کار کی رفتار کافی تیز تھی۔ ایک شخص نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو دی۔ کار ڈرائیور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں نظر آ رہا تھا۔ کچھ دیر بعد پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ زخمیوں کو قریب کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ سبھی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ فی الحال پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ حادثہ کے وقت اور کون کون وہاں موجود تھا اور کیا حادثہ میں کسی اور کی لاپروائی بھی شامل تھی۔