سنگدل عورت نے معذور بیٹے اور شوہر کا قتل کیوں کیا؟ دل دہلا دینے والا واقعہ

Wait 5 sec.

فلوریڈا : امریکا میں اپنے شوہر اور معذور بیٹے سمیت قتل کی وارداتوں میں ملوث ایک امریکی سنگدل عورت کو بجلی کی کرسی پر بٹھا کر موت کی سزا دے دی گئی۔جُوڈی بوئناانو فلوریڈا میں 1848 کے بعد سزائے موت پانے والی پہلی عورت تھی جس کی سزا پر عمل درآمد 30 مارچ 1998 کو ہوا۔سفاکیت اور سنگین جرائم کے باعث اسے "بلیک وِڈو” یعنی "کالی بیوہ” کا لقب دیا گیا تھا، وہ ایک ایسی درندہ صفت عورت تھی جس پر اپنے شوہر، معذور بیٹے اور ایک بوائے فرینڈ کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔اس کے علاوہ اُس نے ایک اور بوائے فرینڈ کو مارنے کی بھی کوشش کی جو خوش قسمتی سے بچ گیا جس کے بعد جوڈی کے جرائم سامنے آنا شروع ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق سال 1971میں اس عورت کا شوہر جیمز گوڈیئر جو ایک فوجی تھا، ویتنام جنگ سے گھر واپس آیا اور اچانک بیمار پڑ گیا، اُسے پیٹ میں درد اور قے کی شکایت ہوئی اور تین دن کے اندر ہی اس کی موت واقع ہوگئی،اس وقت جُوڈی کی عمر 28 سال اور وہ تین بچوں کی ماں تھی۔اس واقعے کے چند سال بعد جوڈی کولوراڈو چلی گئی جہاں وہ اپنے بوائے فرینڈ بوبی جومورس کے ساتھ رہنے لگی لیکن سال 1978 میں بوبی بھی گوڈیئر جیسی علامات کے بعد اچانک مرگیا۔بوبی مورس کی موت کے دو سال بعد 1980میں ایک اور اندوہناک سانحہ پیش آیا، جُوڈی کا بیٹا مائیکل جو جزوی طور پر معذور تھا، کشتی کی سیر کرتے ہوئے دریا میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ تاہم اس بات کا بعد میں علم ہوا کہ جُوڈی نے بیٹے کو مارنے کیلیے خود کشتی کو الٹایا تھا تاکہ اسے مار کر واقعے کو حادثہ قرار دیا جاسکے۔اس کے بعد جُوڈی کی ملاقات ایک اور کاروباری شخص جان جینٹری سے ہوئی، کچھ عرصے بعد وہ بھی بیمار رہنے لگا ایک روز جب وہ ریسٹورنٹ سے باہر نکلا تو اس کی کار میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا تاہم اس کی جان بچ گئی۔یہی وہ وقت تھا جب پولیس کو جوڈی پر شک گزرا اور تمام اموات کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا، تفتیش شروع ہوئی تو انکشاف ہوا کہ جُوڈی نے جان جینٹری کو زہر دے کر پہلے ہی مارنے کی کوشش کی تھی تاکہ وہ 5 لاکھ ڈالر کی انشورنس کی رقم حاصل کرسکے۔تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پولیس نے اس کے شوہر بیٹے اور بوائے فرینڈ کی لاشوں کو قبر سے نکال کر دوبارہ جانچ پڑتال کی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس کے شوہر گوڈیئر کو آرسینک نامی زہر دے کر مارا گیا تھا۔ اسی طرح بوبی مورس کو بھی زہر دے کر قتل کیا گیا تھا جبکہ بیٹے مائیکل کو کشتی سے دھکا دے کر مارا گیا تھا۔قتل کی وارداتوں کی پیچھے کیا عوامل تھے؟تمام تر ثبوتوں اور شواہد کے بعد پولیس نے جُوڈی کو باقاعدہ گرفتار کیا اور دوران تفتیش سنگدل عورت نے اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے یہ تینوں قتل کی وارداتیں مقتولین کی انشورنس کی رقوم حاصل کرنے کیلیے کیں۔ملزمہ نے شوہر گوڈیئر کی موت کے بعد تقریباً 28ہزار ڈالر انشورنس اور 80 ہزار ڈالر فوجی وظیفے سے جبکہ بوائے فرینڈ مورس کی موت کے بعد 77 ہزار ڈالر اس کے علاوہ معذور بیٹے مائیکل کی موت کے بعد ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم حاصل کی۔بعد ازاں سال 1984 میں عدالت نے جینٹری کو قتل کرنے کی کوشش پر 12 سال قید اور بیٹے مائیکل کے قتل پر عمر قید اور سال 1985 میں شوہر گوڈیئر کے قتل کے جرم میں سزائے موت سنادی۔