(19 جولائی 2025): یمن کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے کامیابی سے اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ کو ہائپر سونک ’فلسطین 2‘ میزائل سے نشانہ بنایا جس سے بڑے پیمانے پر شہریوں کا انخلا اور پروازیں معطل ہوگئیں۔ایرانی خبر ایجنسی مہر کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کی جانب سے حملے کی تصدیق کی گئی جس میں تل ابیب کے قریب لود کے مقبوضہ علاقے میں واقع بین گوریون ایئرپورٹ پر ہائپر سونک بیلسٹک میزائل حملے کی ایک بڑی فوجی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ ساری نے بتایا کہ ’فلسطین 2‘ میزائل نے اپنے مطلوبہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس حملے کی وجہ سے لاکھوں اسرائیلی آباد کار پناہ گاہوں میں بھاگ گئے اور ایئرپورٹ پر پروازیں معطل کر دی گئیں۔یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا یمن میں بڑا فضائی حملہ، الحدیدہ پورٹ پر دھماکےبیان میں اس کارروائی کو مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کا بھرپور جواب قرار دیا گیا۔جنرل یحییٰ ساری نے اسلامی اور عرب اقوام سے غزہ کے عوام کے خلاف جاری محاصرے اور خونریز جرائم کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ غزہ پر جارحیت اور ناکہ بندی ختم ہونے تک فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ادھر، اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ یمن سے میزائل داغنے کے بعد گش دان کے علاقے اور مقبوضہ القدس کے رہائشیوں سے پناہ لینے کی اپیل کی گئی۔