نئی دہلی (22 اگست 2025): بھارت میں نامعلوم شخص سکیورٹی حصار توڑ کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش میں پکڑا گیا۔انڈین میڈیا کے مطابق یہ ناقص سکیورٹی نظام کی مثال ہے، نامعلوم شخص درخت پر چڑھ کر اور پھر دیوار پھلانگ کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوا۔حکام نے بتایا کہ واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا، مشتبہ شخص ریل بھون کی طرف سے دیوار کود کر پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے گیٹ تک پہنچا جسے سکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔پولیس نامعلوم شخص سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ یہ واقعہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے اختتام کے ایک دن بعد پیش آیا۔واضح رہے کہ سکیورٹی کی خلاف ورزی کا ایک ایسا ہی واقعہ گزشتہ سال پیش آیا تھا جب ایک شخص نے پارلیمنٹ کی دیوار کو پھلانگ کر انیکسی بلڈنگ کے احاطے میں چھلانگ لگا دی تھی۔اس واقعے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں مشتبہ شخص، جو شارٹس اور ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا، کو اہلکاروں کے ہاتھوں پکڑے ہوئے دیکھا گیا تھا۔تلاشی کے دوران اس شخص پر کوئی بھی قابل اعتراض چیز نہیں ملی۔