غزہ (27 اگست 2025): فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ کے ناصر اسپتال پر حملوں میں شہید 21 افراد سے متعلق اسرائیل کو چیلنج دے دیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا کہ ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے 21 افراد میں سے کوئی بھی مزاحمتی تنظیم کا حصہ نہیں تھا۔گزشتہ روز اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے حماس کے جاسوسی کرنے والے کیمرے کو نشانہ بنایا اور طبی سہولت پر حملے میں چھ مزاحمت کاروں کو شہید کیا۔یہ بھی پڑھیں: حماس غیر مسلح نہ ہوئی تو جہنم کے دروازے کھول دیں گے، اسرائیلی وزیر دفاعتاہم حماس نے اسرائیل کے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل مزاحمت کاروں کے ناموں کا اعلان کرے۔مزاحمتی تنظیم نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے بتائے گئے چھ فلسطینیوں میں سے کم از کم 2 ناصر اسپتال پر حملوں میں شہید نہیں ہوئے بلکہ وہ دوسری جگہ اور وقت پر شہید کیے گئے۔واضح رہے کہ ناصر اسپتال پر حملوں میں صحافیوں سمیت 21 افراد شہید ہوئے، صحافیوں میں احمد ابو عزیز، مریم ابو دقہ، محمد سلامہ اور معاذ ابو طحہ شامل ہیں۔