بھارت میں واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ وصول کرتے ہی سرکاری ملازم دو لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ہنگولی ضلع میں سرکاری ملازم کو مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے جعلی ڈیجیٹل شادی کا دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد سائبر فراڈ میں تقریباً 2 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک نامعلوم نمبر سے پیغام موصول ہوا جس میں انہیں 30 اگست کو شادی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔پیغام میں لکھا تھا: خوش آمدید، 30 اگست 2025ء کو شادی میں ضرور آئیں، محبت وہ ماسٹر چابی ہے جو خوشی کے دروازے کھولتی ہے۔متن کے نیچے جو چیز نظر آ رہی تھی وہ ایک پی ڈی ایف فائل کی طرح تھی، لیکن حقیقت میں یہ ایک اینڈرائیڈ ایپلی کیشن پیکیج یعنی اے پی کے فائل تھی جسے متاثرہ شخص کے فون کو ہیک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔سرکاری ملازم نے انجانے میں شادی کے دعوت نامے پر کلک کرلیا جس سے سائبر جرائم پیشہ افراد کو اس کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوئی اور 1,90,000 روپے اکاؤنٹ سے نکال لیے گئے۔متاثرہ شخص نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جیسے ہی متاثرہ شخص نے اے پی کے فائل پر کلک کیا، سائبر کرمنلز نے متاثرہ کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی اور 1,90,000 روپے چرا لیے۔ہماچل پردیش سائبر پولیس نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی فائلوں کو ڈاؤن لوڈ یا کلک نہ کریں۔