واشنگٹن (23 اگست 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرجیو گور کو بھارت میں نیا امریکی سفیر نامزد کر دیا ہے۔روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وہ سرجیو گور کو بھارت میں امریکا کا اگلا سفیر نامزد کر رہے ہیں، سرجیو امریکی صدر کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ہیں۔سرجیو گور بھارت میں ایسے وقت میں سفارت کاری سنبھالیں گے جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور اگلے ہفتے سے بھارت سے درآمدات پر امریکی ٹیرف دُگنا کیے جانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔پینٹاگون نے ڈیفنس انٹیلیجنس چیف کو عہدے سے فارغ کر دیا، وجہ کیا تھی؟ٹرمپ نے بتایا کہ سرجیو گور اس وقت وائٹ ہاؤس کے صدارتی عملے کے دفتر کے ڈائریکٹر ہیں، وہ جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے لیے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ گور اپنی موجودہ حیثیت میں اس وقت تک کام جاری رکھیں گے جب تک امریکی سینیٹ کی جانب سے انھیں بھارت میں سفیر کے طور پر تقرری کی توثیق نہیں مل جاتی۔ٹرمپ نے کہا ’’سرجیو ایک عظیم دوست ہیں، جو کئی سالوں سے میرے ساتھ رہے ہیں۔ انھوں نے میری تاریخی صدارتی مہمات پر کام کیا، میری بیسٹ سیلر کتابیں شائع کیں، اور میرے دوسرے دورِ صدارت کے لیے عملے کی بھرتی کے کام میں بھی سرگرم رہے۔‘‘ٹرمپ نے مزید لکھا ’’دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے خطے کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ میرے ساتھ کوئی ایسا شخص ہو جس پر میں مکمل طور پر بھروسہ کر سکوں تاکہ وہ میرے ایجنڈے کو آگے بڑھائے اور ہماری مدد کرے کہ ہم امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں۔‘‘