امریکا میں برفانی طوفان اور یخ بستہ ہوائیں، سفری نظام درہم برہم

Wait 5 sec.

نیویارک : امریکا میں برفباری اور طوفانی ہواؤں کےباعث سفری نظام درہم برہم ہوگیا ، طوفان 150 سال کے دوران 10بدترین طوفانوں میں سے ایک ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں شدید برفانی طوفان اور یخ بستہ ہواؤں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، ملک بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ نیویارک کے ایئرپورٹس سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔امریکی میڈیا نے بتایا کہ مشرقی ساحلی علاقوں میں تقریباً 6 کروڑ 90 لاکھ افراد ونٹر الرٹ کی زد میں ہیں، جبکہ شمال مشرقی ریاستوں میں 6 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔میئر نیویارک زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک 16 سے 19 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ بوسٹن اور نیویارک سٹی میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ حالیہ طوفان گزشتہ 150 برس کے دوران آنے والے 10 بدترین طوفانوں میں شامل ہے۔ نیو جرسی اور لونگ آئی لینڈ کے مختلف علاقوں میں 2 فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔مزید برآں نیو جرسی، روڈ آئی لینڈ، پنسلوینیا اور کنیٹی کٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، کمرشل گاڑیوں پر پابندی اور سفری قدغنیں عائد کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔