لندن(23 فروری 2026): مغربی لندن کے علاقے ساؤتھ ہال میں واقع ایک چرچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔لندن فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ اتوار کی شام کو پیش آیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے چرچ کے گراؤنڈ فلور، دوسری منزل اور چھت کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں تاریخی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ترجمان لندن فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں 70 سے زائد فائر فائٹرز اور متعدد گاڑیاں مصروف ہیں، مقامی انتظامیہ نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے عوام کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔رپورٹ کے مطابق تاحال آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ فائر فائٹرز آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔