تہران : ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کا کہنا ہے امریکی کارروائیوں پر کڑی نظررکھے ہوئے ہیں، کسی بھی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کی تمام تر تیاری کرچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے امریکہ کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کے حوالے سے مثبت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کے عمل میں حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں، تاہم ایران کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ایران امریکی کارروائیوں اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔صدر پزیشکیان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی بھی ممکنہ یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔خیال رہے امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا اگلا دور رواں ہفتے جمعرات کو جنیوا میں شروع ہونے جا رہا ہے۔عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ جنیوا میں طے پا گیا ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔”