مسقط : امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو جنیوا میں ہوگا، اہم مذاکرات کے پیشِ نظر جنیوا میں غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی سفارتی محاذ سے بڑی خبر سامنے آئی، جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا اگلا دور رواں ہفتے جمعرات کو جنیوا میں شروع ہونے جا رہا ہے۔عمان کے وزیر خارجہ سید بدر البوسعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ جنیوا میں طے پا گیا ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔”ایرانی صدر کی جانب سے بھی مذاکرات کے حوالے سے مثبت پیغام سامنے آیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ بات چیت کے حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں، جس سے تعطل کے خاتمے کی امید پیدا ہوئی ہے۔اہم مذاکرات کے پیشِ نظر جنیوا میں غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، جنیوا میں عمانی سفارتخانے کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر کے سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ عالمی مندوبین کی آمد و رفت کو محفوظ بنایا جا سکے۔ماہرینِ خارجہ امور کا کہنا ہے کہ اگر یہ بات چیت کامیاب رہتی ہے تو یہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کا باعث بنے گی، بلکہ اس سے عالمی سفارتی تعلقات میں بہتری کی ایک نئی راہ ہموار ہو گی اور عالمی منڈی پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔