مارکیٹ جا کر اچانک غائب ہونے والی ماں 24 سال بعد مل گئی

Wait 5 sec.

نارتھ کیرولائنا (24 فروری 2026): امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک مارکیٹ جا کر اچانک غائب ہونے والی تین بچوں کی ماں مشیل ہنڈلی اسمتھ 24 سال بعد زندہ مل گئی، بیٹی خبر سن کر خوشی سے نہال ہو گئی۔امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تقریباً 25 برس بعد اذیت ناک اور بے قرار تلاش کا سلسلہ ختم ہو گیا اور مِشیل ہنڈلی اسمتھ زندہ اور خیریت سے مل گئی ہیں، تین بچوں کی والدہ کے بارے میں اس بڑی پیش رفت کی خبر شیئر کرتے ہوئے خاندان جذبات سے نڈھال دکھائی دیا۔روکنگھم کاؤنٹی پولیس کے مطابق تفتیش کاروں نے 20 فروری کو 62 سالہ خاتون مشیل ہنڈلی اسمتھ کو ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک جگہ آخر کار تلاش کر ہی لیا، تاہم خاتون نے درخواست کی ہے کہ ان کی جائے رہائش خفیہ رکھی جائے، اس لیے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔خاندان کے افراد پولیس سے جگہ سے متعلق سوالات ہی پوچھتے رہ گئے، تاہم یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ نئی جگہ پر اپنی نئی زندگی جی رہی ہے۔ جب وہ لاپتا ہوئی تھیں تو ان کے بچوں نے گمشدگی کے ایک اشتہار پر لکھوایا تھا ’’ہماری ماں اپنی مرضی سے اپنے بچوں کو چھوڑ کر نہیں جائیں گی، ان کی گمشدگی پر انھیں خطرے سے دوچار تصور کیا جائے۔‘‘مشیل ہنڈلی اسمتھ 38 سال کی تھیں جب وہ 9 دسمبر 2001 کو لاپتا ہو گئی تھیں۔ وہ ایڈن میں اپنے گھر سے کرسمس کی خریداری کے لیے ورجینیا کے شہر مارٹنسویل میں واقع کے-مارٹ اسٹور جانے کے لیے نکلی تھیں اور پھر کبھی واپس نہیں آئیں۔اس کے بعد وسیع سطح پر تلاش شروع کی گئی جس میں ایف بی آئی اور نارتھ کیرولینا کی اسٹیٹ بیورو آف انویسٹیگیشن سمیت متعدد ادارے شامل تھے۔ ان کی بیٹی امانڈا نے انٹرنیٹ پر اپنے ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’میں بے حد خوش ہوں، میں غصے میں ہوں، میرا دل ٹوٹا ہوا ہے، میں ہر طرح کے جذبات سے گزر رہی ہوں!‘‘بیٹی امانڈا نے کہا ’’مجھے نہیں معلوم کہ دوبارہ رشتہ قائم کرنا ممکن ہوگا یا نہیں، تاہم میری ماں بھی ہم سب کی طرح صرف ایک انسان ہیں۔‘‘ ملنے والے خاتون کی ایک کزن باربرا برڈ نے حیرت اور صدمے کی ملی جلی کیفیت میں کہا ’’وہ زندہ ہے، وہ زندہ ہے… ان تمام برسوں آخر کیا ہوا تھا؟ آپ کو جانے پر کس چیز نے مجبور کیا تھا؟‘‘اگرچہ مشیل ہنڈلی مل گئی ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کے بچے اب بھی ان سے نہیں مل پائیں گی، اتنا ہوا ہے کہ بچوں کی اپنی ماں کی تلاش کی اذیت ختم ہو گئی ہے۔