سائبیریا کے منجمد جھیل کی سطح ٹوٹنے سے چینی سیاحوں کی بس ڈوب گئی، 8 ہلاک

Wait 5 sec.

ماسکو(22 فروری 2026): روس کی مشہور جھیل بیکال پر چینی سیاحوں کو لے جانے والی ایک ٹور بس برفانی تہہ ٹوٹنے کے باعث گہرائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ارکتسک ریجن کے گورنر ایگور کوبزیف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ یہ حادثہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب بس جمی ہوئی جھیل کے اوپر سے گزر رہی تھی۔ہلاک ہونے والوں میں 7 چینی سیاح اور بس کا ڈرائیور شامل ہے، جبکہ ایک چینی سیاح بس سے نکل کر جان بچانے میں کامیاب رہا، روسی وزارتِ ہنگامی حالات کے مطابق بس برف میں پڑنے والی 10 فٹ چوڑی دراڑ کے باعث 59 فٹ گہرے پانی میں ڈوب گئی۔ریسکیو حکام نے غوطہ خوروں کے ذریعے آپریشن شروع کرنے سے قبل زیرِ آب کیمروں کا استعمال کیا، علاقائی پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ مقامی محکمہ سیاحت کے مطابق یہ ٹور بس ایک غیر رجسٹرڈ آپریٹر کے ذریعے چلائی جا رہی تھی۔واضح رہے کہ جھیل بیکال دنیا کی گہری ترین میٹھے پانی کی جھیل ہے جو روس میں سیاحت کا مرکز سمجھی جاتی ہے۔ حالیہ برسوں میں روس اور چین کے درمیان ویزا فری معاہدے کے بعد چینی سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کر رہی ہے۔