اترپردیش کی صنعتی راجدھانی کانپورمیں رمضان اور ہولی کے پیش نظر محکمہ خوراک نے ملاوٹ خوروں کے خلاف بڑی مہم چلاتے ہوئے کروڑوں روپئے کی اشیائے خوردونوش کے خلاف کارروائی کی ہے۔ چھاپے کے دوران محکمہ کی ٹیم نے تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کی ایکسپائرشدہ کھجوریں ضبط کیں جبکہ بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ کھویا اور کٹی ہوئی سپاری کو موقع پر ہی تلف کر دیا۔ اس کارروائی سے خوراک کے تاجروں میں افرا تفری مچ گئی ہے۔حکومت ملاوٹ خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے جی ایس ٹی کے فائدے بتا رہی ہے: دیویندر یادوغور طلب ہے کہ تہواروں کے دوران اشیائے خوردونوش کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جس کا فائدہ اٹھاکرکچھ کاروباری خراب اورغیر معیاری اشیاء بازارمیں فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے محکمہ خوراک اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے پورے شہرمیں خصوصی مہم شروع کی۔ اس مہم کے حصہ کے طور پر کانپور کے فضل گنج علاقے میں واقع ایک تھوک کاروباری کے گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں بڑی مقدار میں خراب کھانے پینے کا سامان برآمد ہوا۔تحقیقات کے دوران حکام کو تقریباً 10ہزار کلو گرام کھجوریں ملی ہیں جو کئی سال پہلے ایکسپائر ہو چکی تھیں۔ ان کھجوروں کو نئے لیبلز اور اسٹیکرز کے ساتھ دوبارہ پیک کیا جا رہا تھا تاکہ وہ تازہ نظر آئیں اور رمضان کے دوران انہیں مارکیٹ میں فروخت کیا جا سکے۔ افسران کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کھانے پینے کی اشیاء کا استعمال صحت کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرسکتا ہے۔ٹیم نے جائے وقوعہ سے تمام ایکسپائر قبضے میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کھانے پینے کی 9 اشیا کے نمونے بھی لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد گنہگاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران فضل گنج علاقے سے تقریباً 675 کلو گرام ملاوٹ شدہ کھویا بھی برآمد کیا گیا۔ جانچ میں ملاوٹی پائے جانے پراسے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔ مزید برآں مچھریہ نوبستہ علاقے سے تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کی کٹی ہوئی سپاری برآمد کی گئی، جسے وہیں پر تلف کر دیا گیا۔اس موقع پر محکمہ خوراک کے افسران نے بتایا کہ تہواروں کے دوران مٹھائیوں، خشک میوہ جات اور دیگر اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی فروخت سے ملاوٹ کرنے والے زیادہ ہی سرگرم ہو جاتے ہیں۔ اس وجہ سے پورے ضلع میں وسیع جانچ مہم چلائی جارہی ہے جو آگے بھی جاری رہے گی۔ محکمہ نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ خریداری کرتے وقت مصنوعات کی ایکسپائری تاریخ، پیکیجنگ اور معیار کو ضرور چیک کریں۔ کسی بھی مشکوک کھانے کے سامان کی اطلاع فوری طور پر محکمہ کو دیں۔ افسران کے مطابق یہ مہم صحت عامہ کے تحفظ اور ملاوٹ کو روکنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔