ایران سے کشیدگی، امریکا نے بیروت سفارتخانے کا عملہ واپس بلا لیا

Wait 5 sec.

ایران سے بڑھتی کشیدگی کے دوران امریکا نے بیروت سفارتخانے کا عملہ واپس بلانے کا حکم دے دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق 40 اہلکار بیروت ائیرپورٹ کے ذریعے روانہ ہو گئے تاہم سفارتخانہ بدستور کھلا رہے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے لبنان میں غیر ہنگامی عملہ اور اہلخانہ کو فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، اہلکاروں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے جمعہ کو پینٹاگون کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران پر ممکنہ حملے کے پیش نظر امریکا نے قطر اور بحرین سے فوجی واپس بلا لیے ہیں، یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق قطر کے العدید ایئر بیس اور بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ سے منسلک تنصیبات سے سیکڑوں اہلکاروں کی منتقلی عمل میں لائی گئی ہے۔ العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10 ہزار اہلکار تعینات ہیں اور یہ امریکی فضائی کارروائیوں کا بنیادی مرکز سمجھا جاتا ہے۔عراق، شام، کویت، سعودی عرب، اردن اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک میں امریکا کے فوجی دستے بدستور موجود ہیں۔ امریکا کو توقع ہے کہ تہران امریکی حملے کے جواب میں خطے میں موجود امریکی افواج کو نشانہ بنا سکتا ہے۔واضح رہے کہ دوسرے امریکی بحری بیڑے کے بعد اردن ایئربیس پر بھی 60 لڑاکا طیارے کھڑے کر دیے گئے ہیں۔