تمل ناڈو میں جلد ہی اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے۔ اس سے قبل مرکزی وزارت داخلہ نے سیکورٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمل ناڈو کو سی اے پی ایف کی 50 کمپنیاں فراہم کی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کمپنیوں کو ریاست کے الگ الگ اسمبلی حلقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔چیف الیکشن افسر ارچنا پٹنایک نے جانکاری دی ہے کہ سی اے پی ایف (سنٹرل آرمڈ پولیس فورس) کی 50 کمپنیوں کا پہلا جتھہ 10 مارچ کو ریاست پہنچ جائے گا۔ انھوں نے 24 فروری کو جاری آفیشیل ریلیز میں مطلع کیا کہ وزارت داخلہ تمل ناڈو کے لیے سی اے پی ایف کی 50 کمپنیاں جلد روانہ کرے گا۔ اس کے بعد مارچ یا انتخاب کے اعلان سے قبل سی اے پی ایف کی مزید کمپنیاں بھیجی جائیں گی۔قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو اور پڑوسی پڈوچیری میں اپریل 2026 میں اسمبلی انتخاب ہونے کی امید ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی قیادت میں الیکشن کمیشن کا ایک وفد انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے 25 سے 27 فروری تک تمل ناڈو اور پڈوچیری کا دورہ کرے گا۔ اس سے قبل انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے الیکشن کمیشن کے اعلیٰ افسران نے رواں ہفتہ آسام کا دورہ کیا تھا۔ اس تعلق سے گیانیش کمار نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن 14 اپریل کو پڑنے والے ’بیہو‘ تہوار کو مدنظر رکھتے ہوئے شمال مشرقی ریاستوں کے لیے انتخابی پروگرام کو آخری شکل دے گا۔انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان کرنے سے قبل الیکشن کمیشن کا ان ریاستوں کا دورہ کرنا عام بات ہے، جہاں انتخابات ہونے ہیں۔ پڈوچیری اسمبلی کی 5 سالہ مدت کار 15 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ آسام، کیرالہ، تلم ناڈو اور مغربی بنگال اسمبلیوں کی مدت کار بالترتیب 20، 23، 10 اور 7 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ ان سبھی ریاستوں میں سیاسی پارٹیاں ووٹرس کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوششیں شروع کر چکی ہیں۔ ووٹنگ کے لیے تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی یہ سرگرمیاں بڑھ جائیں گی۔