حوثیوں پر حملے اور آفات نازل کرینگے، اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی

Wait 5 sec.

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پر یمن کے حوثیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں پر آگے حملے کرینگے اور آفات نازل کرینگے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی یمن سے اسرائیل پر نئے میزائل حملوں کی رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے، حوثی اکتوبر 2023 سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملے کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملے فلسطینی عوام کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں، بحیرہ احمر میں عالمی تجارتی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکا نے رواں سال حوثیوں کے زیر قبضہ یمن کے علاقوں پر فضائی کارروائیاں کی تھیں، مئی میں عمان کی ثالثی سے امریکا اور حوثیوں میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔حوثیوں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق اسرائیل کیخلاف کارروائیوں پر نہیں ہوتا۔دوسری جانب اسرائیل نے غزہ شہر پر 40 فیصد قبضے کا دعویٰ کرتے ہوئے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ غزہ شہر کے 40 فیصد حصے پر قابض ہیں۔غزہ شہر میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نے فلسطینیوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جبکہ ہزاروں نے انخلا کی اسرائیلی دھمکی کی مخالفت کا اعلان کیا۔غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے، مزید 70 سے زائد فلسطینی شہیدغزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ جمعرات کے روز اسرائیلی حملے سے کم از کم 53 افراد شہید ہوئے، زیادہ تر حملے غزہ شہر میں کیے گئے جہاں اسرائیلی فوج نے مضافاتی علاقوں میں پیش قدمی کی اور اب وہ شہر کے مرکز سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے زیتون اور شیخ رضوان علاقوں کا نام لیتے ہوئے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہم فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، آج ہم غزہ شہر کے 40 فیصد علاقے پر قابض ہیں۔