پیرس(5 ستمبر 2025): فرانس کی حکومت نے اپنے اسپتالوں کو ممکنہ جنگی حالات کے لیے تیاری کا حکم جاری کیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق فرانس کی وزیر صحت کیتھرین فوترن نے ہدایت دی ہے کہ ایسے طبی مراکز قائم کیے جائیں جو جنگی زخمیوں کے علاج میں مہارت رکھتے ہوں اور ہر روز 100 زخمیوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔فرانس میں مقامی صحت کے اداروں کو انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ اگلے سال کے دوران پیدا ہونے والے کسی بھی بحران کے لیے تیار رہیں، وزارت صحت نے اعلیٰ عہدیداروں سے کہا ہے کہ مارچ تک صحت کا نظام مکمل طور پر "بڑی تیاری” کے لیے فعال ہونا چاہیے۔رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کے قریب قائم کیے جائیں گے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری رسپانس ممکن ہو۔واضح رہے کہ فرانس جغرافیائی لحاظ سے یورپی تنازعات میں ایک معاون مرکز کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ فرانس کے اسپتال ہزاروں غیر ملکی فوجیوں کو بھی سنبھالنے کےلیے تیار ہونے چاہئیں۔کیتھرین فوترن نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ ہدایت پیشگی تیاری کا حصہ ہے، جیسے وباؤں کے خلاف اسٹریٹجک اسٹاک تیار کرنا، انہوں نے کہا کہ وہ کووڈ-19 وبا کے وقت اس عہدے پر نہیں تھیں، لیکن اس بات کا اندازہ ہونا چاہیے کہ ملک کی تیاری کتنی ضروری ہے۔