بنکاک: تھائی پارلیمنٹ نے ’انوتن چانوپراکل‘ کو وزیراعظم منتخب کرلیا۔انوتن چانوپراکل تھائی لینڈ کی اپوزیشن جماعت بھومجتھائی پارٹی کے سربراہ ہیں، انوتن نے پھیوتھائی پارٹی کے امیدوار چائیکا سم نیتیسری کو شکست دی۔انہوں نے 311 ووٹ حاصل کیے، سادہ اکثریت کے لیے 247 درکار تھے۔چائیکاسم نیتیسری کو 152 ووٹ ملے، 27 ارکان نے ووٹنگ سے اجتناب کیا ہے، نومنتخب وزیراعظم انوتن نے عام انتخابات چار ماہ کے اندر کرانے کا وعدہ کیا ہے۔واضح رہے کہ تھائی لینڈ کی وزیر اعظم پییٹونگٹارن شیناواترا کو کمبوڈیا کے سابق ہم منصب ہن سین کے ساتھ فون کال لیک ہونے اور سینئر فوجی کمانڈر پر تنقید کرنے پر عہدے سے برطرف کیا گیا تھا۔یہ پڑھیں: تھائی لینڈ کی وزیر اعظم سینئر فوجی کمانڈر کو دشمن کہنے پر عہدے سے برطرفپییٹونگٹارن شیناواترا پر الزام ہے کہ انہوں نے فون کال کے دوران نامناسب گفتگو کی جبکہ سینئر فوجی کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں دشمن قرار دیا۔آج تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ وہ عہدے سے ہٹائے جانے والی پانچویں وزیر اعظم ہیں۔نو ججز پر مشتمل بینچ نے فیصلہ دیا کہ 39 سالہ پییٹونگٹارن شیناواترا نے جون میں ہن سین کے ساتھ اپنی فون کال کے دوران اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنے یا وزیر اعظم کے عہدے کیلیے درکار دیانتداری کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔عدالت نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے ذاتی مفادات کو قوم کے مفادات سے اوپر رکھا جس کی وجہ سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔لیک ہونے والی فون کال میں انہوں نے ہن سین ’چچا‘ کہا جبکہ تھائی فوج کے سینئر کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے اور اسے دشمن قرار دیا تھا۔