ٹوکیو(5 اپریل 2026): آبنائے ہرمز میں جاری تناؤ کے درمیان جاپان سے منسلک ایک اور جہاز بحفاظت گزر گیا۔عالمی سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں جاری تناؤ کے درمیان جاپان سے منسلک ایک اور تجارتی جہاز بحفاظت اپنا سفر مکمل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ جاپانی شپنگ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ایل پی جی ٹینکر گرین سانوی آبنائے ہرمز کو عبور کر کے محفوظ پانیوں میں پہنچ چکا ہے۔جاپانی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس لے جانے والا یہ ٹینکر خطے میں حالیہ کشیدگی اور بحری جہازوں کو لاحق خطرات کے باوجود کامیابی سے گزر گیا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جہاز کا عملہ اور سامان مکمل طور پر محفوظ ہے اور جہاز اپنی مقررہ منزل کی جانب رواں دواں ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی تیل کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز بند کر رکھا ہے۔جاپانی جہاز کا بحفاظت گزرنا بین الاقوامی مارکیٹ اور توانائی کی ترسیل کے لیے ایک مثبت علامت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ جاپان اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے خلیجی ممالک سے آنے والے تیل اور گیس پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔